حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ضلع سیوان کے کرن پورا میں مولانا مظہر حسین وقف اسٹیٹ نمبر 154؍سیوان جہاں قدیمی امام باڑہ اور مسجد ہے۔ گزشتہ دنوں شرپسندوں نے مسجدکی چہاردیواری کو توڑکر عوامی سطح پر فساد پھیلانے کی ناپاک کوشش کی تھی جہاں دیوار توڑنے کی خبر علاقائی سطح پر پھیلی اور تحریری طور پر بہار شیعہ وقف بورڈ کو بھی موصول ہوئی۔ خبر ملتے ہی بورڈ نے ضلع انتظامیہ کو مکتوب لکھ کر جانچ کرتے ہوئے کاروائی کا حکم دیا۔
حالات کا جائزہ لینے کے لئے خود بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید افضل عباس کرن پورا وقف اسٹیٹ 154 میں پہنچے۔ جہاں گائوں کے سبھی طبقے کے لوگ موجود تھے جنہوں نے بتایا کہ چہاردیواری توڑنے والے بڑے شر پسند ہیں انکا یہی کام ہے کہ وقف کی جائداد پر کسی طرح سے قبضہ جمایا جائے۔ سبھوں نے مسجد کی چہاردیواری توڑے جانے پر بھرپور مذمت کی اور چیئرمین سے گزارش کی کہ شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے تاکہ دوبارہ اس طرح کی واردات نہیں ہو۔
موقع پر موجود ضلع اقلیتی فلاح افسر راکیش کمار، سی او گیان پرکاش شری واستو، ضلع اوقاف کمیٹی کے صدر وصی جعفر و سکریٹری مولانا جاوید اختر ، ممبران مظہرالدین ، شبر امام، غضنفر عباس و ضلع پارشد لہلہات پور اختر حسین و گائوں کے کافی لوگ موجود تھے۔ چیئرمین موصوف نے کہا کہ وقف کی جائداد کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف جلد قانونی کاروائی کی جائیگی۔ موقع پر موجود علاقائی لوگوں سے انہوں نے اپیل کیا کہ آپسی اتحادواتفاق اور محبت برقرار رکھیں اس طرح کے شرپسندوں کے خلاف بورڈ اپنے سطح سے کاروائی کریگی۔